چینی پولیس کاپنجاب پولیس کو جدید اسلحے کی فراہمی کا فیصلہ

چینی پولیس نے پنجاب پولیس کو جدید اسلحے کی فراہمی سمیت ٹریننگ اور تکنیکی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دورہ چین کے موقع پر پولیس سمارٹ سنٹر کا جائزہ لینے کے دوران بتائی ۔ سمارٹ سنٹر آمد پر چینی سپیشل پولیس فورسز کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو سلامی پیش کی۔

وفد نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس چینی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا بھی معائنہ کیا ۔ چینی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں جدید مانیٹرنگ اینڈ کمیونیکیشن آلات، ڈرون ٹیکنالوجی، ریڈ ریسپانڈ سہولیات بارے آگاہی دی گئی ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چینی پولیس کے زیر استعمال جدید ترین اسلحہ، آئی ٹی بیسڈ لاجسٹکس اینڈ اینالیٹیکل ٹیکنالوجی کا بغور جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کو چینی پولیس کے شاندار پولیسنگ میکانزم اور ٹیکنالوجی سے اپ گریڈ کر رہے ہیں، چینی پولیس نے پنجاب پولیس کو جدید اسلحہ سمیت ٹریننگ اور تکنیکی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ایلیٹ فورس،سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو چینی سپیشل پولیس فورسز کے زیر استعمال اسلحہ فراہمی بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ،چینی پولیس کے تعاون سے پنجاب پولیس کی آپریشنل و کرائم کنٹرول سٹریٹجی، مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس سسٹم مزید بہتر کیا جا رہا ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو چینی سکواڈ پولیس نے یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔