چین کیلئے پاکستانی برآمدات میں 5.16 فیصد اضافہ

چین کے لئے پاکستان کی مصنوعات اور خدمات کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 2ماہ کے دوران گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے اگست کے دوران چین کو مجموعی طور پر 350.297 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 333.077 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اس طرح رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران5.16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب زیر جائزہ مہینوں کے دوران چین سے درآمدات 1861.702 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال 2377.070 ملین امریکی ڈالر تھیں جو رواں مالی سال جولائی تا اگست میں 21.68 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر دوسرے ممالک کو رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کی برآمدات میں 8.26 فیصد کی کمی دیکھی گئی جو کہ 4.951 بلین امریکی ڈالر سے 4.541 بلین امریکی ڈالر تک آ گئی۔