ہوافا ایگزیبیشن سنٹر گوادر ”سرگرمیوں کے لئے تیار

گوادر میں حال ہی میں تعمیر کیا گیا سائوتھ چائنا ایگزیبیشن اینڈ ٹریڈنگ سنٹر جسے ”ہوافا ایگزیبیشن سنٹر گوادر ”بھی کہا جاتا ہے سرگرمیوں کے لئے تیار ہے، سنٹر میں جلد ہی بلیو اکانومی اور پیٹرو کیمیکل انڈسٹری کے موضوع پر ”گوادر انویسٹمنٹ اینڈ ایکسپو فورم ”کے تیسرے ایڈیشن انعقاد کیا جائے گا۔

دو ماہ قبل اس وقت کے وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ میں گوادر بزنس سینٹر کے سامنے واقع سینٹر کا افتتاح کیا تھا۔ایکسپو فورم کی تیاریاں جاری ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ مذکورہ تقریب سے ہوافا ایگزیبیشن سنٹر گوادر میں سر گرمیوں کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا ۔اس سلسلے میں گوادر پورٹ کی آپریٹر چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی، ای کامرس گیٹ وے پاکستان (پرائیویٹ لمیٹڈ )کے ساتھ اس تقریب کے اشتراک اور انتظام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تیاری میں ہے۔ایکسپو کا ایجنڈا گوادر فری زون اور خطے میں بلیو اکانومی اور پیٹرو کیمیکل انڈسٹری کو فروغ دینا ہے ۔ گوادر ایکسپو کے پہلے اور دوسرے ایڈیشن کا انعقاد بالترتیب 2018 اور 2020 میں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد کورونا وباء کے باعث اس میں تعطل آ گیا اور کورونا وباء کے بعد گوادر میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا میگا ایونٹ ہوگا۔