سی پیک کے 19منصو بے مکمل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سی پیک کے تحت چین کی جانب سے پاکستان میں تقریباً 62 ارب امریکی ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت 19منصو بے مکمل کیے گئے،28زیر تعمیر ہیں جبکہ 41پائپ لائن میں ہیں۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر مسٹر نونگ رونگ سے الوداعی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ تعاون کے چار وسیع کلسٹرز گوادر پورٹ اور اس کی معاون خصوصیات، توانائی کے منصوبے، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی سمیت صنعتی تعاون کی تیزی سے تکمیل سے ملک کی تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے نقطہ نظر میں تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کے مدنظر سی پیک پر پیشرفت کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عمل کیا جائے تاکہ زراعت، جدت ، آئی ٹی سیکٹر، صنعتی تعاون، ذریعہ معاش پیدا کرنا اور غربت کا خاتمہ، آٹوموبائل، ٹیکسٹائل اور چمڑے کی تیاری کے تعاون کو فروغ دیا جاسکے اور جہاں تک ممکن ہو چینی صنعتوں کو پاکستان منتقل کیا جائے۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ جنوری 2020 میں چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط نے تجارت کو مزید آسان کر دیا ہے جس کے نتیجے میں تجارتی حجم میں نمایاں توسیع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ چین کے عوام اور صدر شی جن پنگ کا پاکستان کو فراخدلی سے مالی تعاون فراہم کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ گلوبل وارمنگ کے باعث آنے والے سپر فلڈ کے دوران چین کی امدادسیلاب متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوئے۔

(سٹاف رپورٹ)