جی ڈی اے ہسپتال, مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہسپتال گوادر نے مقامی آبادی کی بنیادی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے میں نمایاں پیشرفت کی ہے اور گزشتہ سال ایک لاکھ سے زائد مریضوں کو طبی امداد فراہم کی ہے جس میں زچہ و بچہ کی صحت کے مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

ایک اجلاس کے دوران جی ڈی اے ہسپتال کے انڈس کیمپس کے سربراہ ڈاکٹر آفتاب احمد نے جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی اور وزیراعلی بلوچستان کے ہیلتھ کنسلٹنٹ ڈاکٹر شہزاد عالم کو ایک جامع پیشرفت رپورٹ پیش کی۔گزشتہ سال گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے انڈس ہسپتال کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کی جو سماجی خدمات اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ایک قابل اعتماد نام ہے۔ اس معاہدے کے تحت جی ڈی اے ہسپتال کا انتظام انڈس ہسپتال کے حوالے کر دیا گیا جس سے مقامی آبادی کو اعلی درجے کی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ مجیب الرحمن قمبرانی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہمارے ہسپتال نے گوادر کے رہائشیوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس نے مقامی برادری کی فلاح و بہبود پر نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں۔

اجلاس کے دوران ڈاکٹر آفتاب احمد کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جی ڈی اے ہسپتال کے آٹ ڈور پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈیز)میں مجموعی طور پر 99 ہزار 309 افراد نے طبی امداد حاصل کی، ان میں سے 47 ہزار 379 خواتین تھیں جنہوں نے فیملی میڈیسن کلینک کا دورہ کیا جبکہ 30 ہزار 989 مریضوں نے کنسلٹنگ کلینک میں دیکھ بھال کی۔ مزید برآںہسپتال کے ایمرجنسی روم ڈیپارٹمنٹ میں 20941 افراد نے طبی امداد حاصل کی۔اسی طرح مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے مجموعی طور پر 3642 مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔اس عرصے کے دوران 1094 خواتین نے ہسپتال میں زچگی کا مرحلہ مکمل کیا،ہسپتال نے مقامی آبادی کے مریضوں کے لئے 1077 جنرل سرجری بھی کی۔گزشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر 102168 لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے، ان ٹیسٹوں نے مریضوں کو اعلی معیار کے علاج کی فراہمی کی بنیاد کے طور پر کام کیا جس میں ضرورت پڑنے پر مفت ادویات کی فراہمی بھی شامل ہے۔