مارچ میںپاکستان کی چین کو برآمدات میں اضافہ

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2023 میں پاکستان کی چین کو برآمدات گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 89.8 فیصد اضافے سے 476 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ مارچ 2022 میں چین کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 251 ملین ڈالر تھا۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2023 میں دنیا کے تمام ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 2,668 ملین ڈالر تھا جبکہ گزشتہ سال یہ حجم2,778 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھاجو3.78 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق چین ان ممالک کی فہرست میں سب سے اوپر ہے جہاں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کی چین کو برآمدات میں مسلسل دوسرے ماہ اضافہ ہوا ہے۔ فروری 2023 میں چین کو پاکستان کی برآمدات 365.5 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو فروری 2022 میں پاکستان کی 284.8 ملین ڈالر کی برآمدات سے 28 فیصد زیادہ تھیں۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے نو ماہ جولائی سے مارچ تک دنیا کے تمام ممالک کو پاکستان کی برآمدات 21,461 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں ۔ گزشتہ مالی کے پہلے نو مہینوں میں یہ 23,346 ملین ڈالر کی سطح پر تھیں۔رپورٹ کے مطابق مارچ 2023 میں پاکستان کی درآمدات 3,828 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں6,407 ملین ڈالر تھیںجو 40.25 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ مارچ 2023 میں چین سے پاکستان کی درآمدات 659.76 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو مارچ 2022 کی درآمدات سے 64 فیصد کم ہیں جس کا حجم1831.70 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔