وزیراعظم رواں ماہ چین کا 3روزہ دورہ کریں گے

نگرا ن وزیراعظم انوار الحق کاکڑ رواں ماہ کی 16 تاریخ سے چین کا تین روزہ دورہ کریں گے۔ وہ چین کے صدر شی جن پنگ کی میزبانی میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم فار انٹرنیشنل کوآپریشن (بی آر ایف)میں اعزازی مہمانوں میں شامل ہوں گے۔

وزیراعظم اپنے پہلے دورہ چین میں میزبان چینی صدر سے دوطرفہ ملاقات کریں گے اور اس سال اگست میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے پی 5 ممالک کے کسی بھی اعلی رہنما کے ساتھ یہ ان کی پہلی ون ٹو ون ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم ہائو س کے ذرائع نے بتایا کہ انوار الحق کاکڑ فورم کے سائیڈ لائن پر کچھ دیگر عالمی رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جو اس میں شرکت کریں گے۔ وہ 18 اکتوبر تک بیجنگ میں قیام کریں گے۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن سمیت 90 ممالک نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو فورم میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔