گوادر, گندم کی درآمد سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ

گوادر بندرگاہ نے گندم کی ترسیل و پروسسنگ میں پاکستان کی دیگر بندرگاہوں کو پیچھے چھوڑ دیا، گوادر بندرگاہ کے ذریعے گندم کی درآمد سے گوادر میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،گوادر بندرگاہ کے پی ٹی اور قاسم پورٹس جیسی کسی بھی بندرگاہ سے زیادہ اقتصادی ہے،گوادر پورٹ پر تیز ترین سٹیوڈورنگ سروسز کے ساتھ ساتھ کوئی ڈیمریج اور اسٹوریج چارجز نہیں۔

ان خیالات کا اظہار آل گوادر شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ایک رکن نے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حقائق یہ ہیں کہ گوادر بندرگاہ کے پی ٹی اور قاسم پورٹس جیسی کسی بھی بندرگاہ سے زیادہ اقتصادی ہے،مذکورہ دونوں بندرگاہوں پر ہمیشہ بھیڑ رہتی ہے اور بحری جہاز ڈیمریج پر جاتے ہیں اور کے پی ٹی اور قاسم پورٹس کے اسٹوریج چارجز بہت زیادہ ہیں۔ تاہم گوادر پورٹ پر تیز ترین سٹیوڈورنگ سروسز کے ساتھ ساتھ کوئی ڈیمریج اور اسٹوریج چارجز نہیں ہیں اور اسے ٹی سی پی کے سابقہ ریکارڈ سے چیک کیا جا سکتا ہے،عہدیدار نے مزید بتایا کہ ای سی سی نے 28 جولائی 2022 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے گندم کی درآمد کی اجازت دی ۔

ایف ایس اینڈ آر درآمدی گندم کی نقل و حمل کے لیے پاسکو کا لاجسٹک پلان ای سی سی پر غور کے لیے پیش کرے گا۔ گوادر پورٹ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور گوادر انٹرنیشنل ٹرمینل لمیٹڈ کے درمیان ایک سرکاری معاہدے کے تحت روسی گندم کی درآمد پر کارروائی کر رہی ہے۔گوادر انٹرنیشنل ٹرمینلز لمیٹڈ کے عہدیدار نے بتایا کہ گوادر پورٹ نے 200000 میٹرک ٹن کامیابی سے ہینڈل کیا، باقی 250000میٹرک ٹن گندم کی پروسیسنگ اسی کے مطابق کی جائے گی۔ انہوں نے گوادر بندرگاہ کے ذریعے گندم کی درآمد کو ایک نیا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی درآمد سے گوادر میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،یہ روزگار کی صلاحیت کو بھی فروغ دے گا کیونکہ جب اس طرح کی سر گرمیاںشروع ہوتی ہیں تو ہنر مند، نیم ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت ہوتی ہے ۔